لاہور(این این آئی)لاہور میں غیر ملکی مہمانوں کے سیکیورٹی گارڈز نے کینال روڈ پر راستہ نہ دینے پر شہری کی گاڑی پر فائرنگ کر دی اور اسے تشدد کانشانہ بھی بنایا۔لاہور میں سرِعام غنڈہ گردی کا واقعہ کینال روڈ پر بیجنگ انڈر پاس میں پیش آیا جہاں غیر ملکی مہمانوں کی سیکیورٹی پر مامور پرائیویٹ کمپنی کے سیکیورٹی گارڈز نے راستہ نہ دینے پر عمران نامی شہری کی گاڑی کو روکا اور فائرنگ کر دی۔
واقعے پر شہری عمران بھی جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی گاڑی سے نکلا اور ایک سیکیورٹی گارڈ کو قابو میں کر لیا جس کے بعد باقی سیکیورٹی گارڈز نے اسے بٹ مارے اور جلدی سے گاڑیوں میں بیٹھ کر فرار ہو گئے۔اس موقع پر متاثرہ شہری نے اپنی گاڑی حملہ آوروں کی گاڑی کے آگے کر کے اسے روک لیا۔واقعے کے بعد پولیس نے 4 سیکیورٹی گارڈز کو گرفتار کر کے اسلحہ اور گاڑی تحویل میں لے لی۔متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ میں کپڑے کا تاجر ہے، انہیں غصہ تھا کہ میں نے فوری راستہ کیوں نہیں دیا۔دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حکم دیا کہ ملزمان کے خلاف پولیس کی مدعیت میں انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے اور گارڈز کی سیکیورٹی کمپنی کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔