پشاور(این این آئی)ریلوے پولیس نے ٹرین کے ذریعے جعلی کرنسی خیبرپختونخوا سے پنجاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ترجمان ریلویز پولیس کے مطابق ریلویز پولیس پشاور نے بذریعہ خیبرمیل خیبرپختونخوا سے پنجاب جعلی کرنسی کی سمگلنگ ناکام بنادی۔
ملزم عامر خان مشکوک حالت میں پشاور کینٹ اسٹیشن کے مین گیٹ سے داخل ہوا۔ایس ایچ او پشاور کینٹ جمال عبد الناصر نے شک کی بنیاد پر ملزم کی تلاشی لی۔ ملزم کے قبضے سے 50 ہزار روپے مالیت کی جعلی کرنسی برآمد ہوئی۔ترجمان کے مطابق ملتان کا رہائشی ملزم عامر خان خیبر میل کے ذریعے پشاور سے ملتان جارہا تھا۔ ملزم جعلی کرنسی کو کے پی سے پنجاب سمگل کرنا چاہتا تھا۔ ملزم کے خلاف تھانہ ریلویز پولیس پشاور کینٹ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔