اسلام آباد (این این آئی) بجلی بلوں میں 21ارب روپے کی اووربلنگ میں ملوث افسران و ملازمین کو بغیر سزا چھوڑنے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔پارلیمنٹ کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین جنید اکبر خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں کمیٹی چیئرمین جنید اکبر نے وزارت خزانہ کے حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پاور سیکٹر کے ٹاپ 300نادہندگان کی فہرست طلب کر لیں۔
کمیٹی میں انکشاف ہوا 9 بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں ڈیفالٹرز سے سیکڑوں ارب روپے کی ریکوری نہ کراسکیں، ڈیفالٹرز سے 877ارب کی ریکوری نہ کرانے سے متعلق آڈٹ اعتراض زیر غورلایا گیا۔ اجلاس میں بجلی بلوں میں 21ارب روپے کی اووربلنگ میں ملوث افسران و ملازمین کو بغیر سزا چھوڑنے کا انکشاف بھی ہوا۔ چیئرمین کمیٹی جنید اکبر نے ہدایت کی کہ ہر مہینے ہمیں بتایا جائے کہ ریکوری کتنی ہوئی ہے، یہ بھی بتایا جائے کہ کتنے افسران کے خلاف ایکشن لیا گیا؟۔