ممبئی (این این آئی)بھارت کے نامور کامیڈین کپل شرما کو قتل کی دھمکیاں ملنے لگیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کپل شرما نے امبولی پولیس اسٹیشن میں سنگین دھمکیاں موصول ہونے سے متعلق درخواست بھی جمع کروادی۔ واضح رہے کہ دی کپل شرما شو سے شہرت پانے والے کپل شرما ان مشہور شخصیات کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں جنہیں حالیہ دنوں میں جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہوئیں۔
اس سے قبل کامیڈین راجپال یادیو اور نامور کوریوگرافر ریمو ڈی سوزا کو بھی قتل کی دھمکیاں مل چکی ہیں۔ پولیس کے مطابق کپل شرما کو موصول ہونے والا ای میل اپنی زبان اور مواد کے لحاظ سے کافی تشویشناک تھا۔ اس پیغام میں کہا گیا کہ وہ کپل شرما کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں، جبکہ ایک حساس معاملے پر فوری توجہ دینے کا مطالبہ کیا گیا۔