کراچی(این این آئی)معیشت میں بڑھتی ہوئی طلب، سخت اقدامات کے باوجود درآمدی سولر پینلز کی اوور انوائسنگ کے ساتھ زرمبادلہ کی منتقلی سے سپلائی متاثر ہونے جیسے عوامل کے باعث زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں منگل کو بھی ڈالر کی پیش قدمی جاری رہی۔ایشین انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی ضمانت کے ساتھ پاکستان کے یوآن بانڈز کے اجرا کے فیصلے اور آئی ایم ایف اصلاحات پروگرام پر عمل درآمد جاری رہنے سے معیشت درست سمت پر گامزن ہونے جیسے عوامل کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے دوران ڈالر کی قدر ایک موقع پر 12پیسے کی کمی سے 278روپے 72پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی۔
بعدازاں ادائیگیوں کے دبائو اور درآمدی نوعیت کی طلب بڑھنے اور فیوچر کانٹر پر برآمدی ترسیلات بھنانے کے عوض پریمیئم میں کمی کے سبب ایکسپورٹرز اپنی برآمدی ترسیلات بھنانے سے گریزاں رہے جس سے مارکیٹ میں طلب ورسد غیرمتوازن ہوا۔اس کے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 05پیسے کے اضافے سے 278روپے 72پیسے کی سطح پر بند ہوئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 04پیسے کے اضافے سے 280روپے 52پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔