فیس بک جدید دور کی زندگی کا لازمی حصّہ بن گئی ہے اور اسی طرح فیس بک اکاؤنٹ کی سیکورٹی بھی اہم مسئلہ بن گئی ہے ۔ اکثر صارفین کو پاس ورڈ چوری ہونے یا اکاؤنٹ غلطی سے لاگ ان رہ جانے کی وجہ سے کوئی اس کا غلط استعمال کرنے کا خطرہ رہتا ہے ۔ فیس بک نے صارفین کو اس اہم مسئلے سے نجات دلانے کے لیے ’’ ٹو سٹیپ سکیورٹی ٹول ‘‘متعارف کروایا ہے ، جس کی مدد سے صارفین اپنے فیس بک اکاؤنٹ کو محفوظ بنا سکتے ہیں۔ نئے ٹول کا نام ’’سکیورٹی چیک اپ‘‘ ہےاور اسے امریکہ میں متعارف کروایا جاچکا ہے ۔ جبکہ آئندہ چند ہفتوں کے دوران یہ باقی ممالک میں بھی دستیاب ہوگا ۔ اگر آپ کا فیس بک لاگ ان کسی اور جگہ بھی منتقل ہوچکا ہے تو اس ٹول کی مدد سے آپ اسے لاگ آؤٹ کر سکتے ہیں ۔ دیگر کسی بھی کمپیوٹر یا موبائل فون وغیرہ پرکیا گیا لاگ ان آپ اس ٹول کی مدد سے باآسانی ختم کر سکیں گے تاکہ آپ صرف موجودہ ایک جگہ پر ہی لاگ ان ہوں۔ صارفین مزید سکیورٹی کے لیے لاگ ان الرٹس بھی آن کر سکتے ہیں ۔ ان کے آن ہونے کی صورت میں جب بھی کسی غیرمانوس ڈیوائس سے آپ کے اکاؤنٹ میں لاگ ان کی کوشش کی جائے گی تو فیس بک کی طرف سے آپ کو الرٹ کرنے کے لیے ایس ایم ایس یا ای میل بھیج کر خبردار کر دیا جائے گا ۔