واشنگٹن (این این آئی )امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دی جانے والے دھمکی کے بعد کینیڈا نے سرحد اور امیگریشن پابندیوں میں اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کینیڈا کے چار وزرا نے گزشتہ روز ایک سرحدی سلامتی کے منصوبے کا اعلان کیا جو انہوں نے نجی طور پر نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی آنے والی انتظامیہ کو پیش کیا تھا، جس میں کینیڈا کی سرحدی نگرانی، انٹیلی جنس اور ٹیکنالوجی پر زور دیا گیا تھا۔
پبلک سیفٹی، فنانس اور بین الحکومتی امور کے وزیر ڈومینک لی بلانک نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ کینیڈا کے وزرا نے ٹرمپ کے سرحدی وزیر ٹام ہومن کے ساتھ ملاقات کی اور ان کے ساتھ سرحدی سلامتی کے منصوبے پر بات چیت ہوئی۔لی بلانک اور ان کے ساتھیوں نے امریکہ اور کینیڈا کی سرحد کو ہیلی کاپٹروں، ڈرونز، نگرانی ٹاوروں اور سراغ رساں کتوں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی منظم جرائم کو نشانہ بنانے کے لئے “مشترکہ اسٹرائیک فورس” کے منصوبے کا اعلان کیا۔وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی اقلیتی حکومت کا کہنا تھاکہ وہ چھ سالوں میں سرحدی سلامتی کے لیے 1.3 بلین کینیڈین ڈالر (909 ملین ڈالر) کی سرمایہ کاری کرے گی۔ اس منصوبے میں فینٹانل، غیر قانونی نقل مکانی اور منظم جرائم کے سدباب پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔