لاہور ( این این آئی)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے دورہ چین کے تیسرے روز شینزین میں وی وو موبائل فون کمپنی کے پلانٹ کا دورہ کیا اور موبائل مینوفیکچرنگ کے مختلف مراحل کا مشاہدہ کیا۔ چین کی موبائل فون کمپنی کے سی ای او نے صوبائی وزیر کو موبائل کی تیاری کے مختلف مراحل سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر سی ای او نے کہا کہ چین کی وی وو موبائل کمپنی پنجاب میں موبائل فون کی مینوفیکچرنگ کا کارخانہ لگائے گی۔پنجاب کے سپیشل اکنامک زون میں موبائل فون مینوفیکچرنگ کا کارخانہ لگانے کیلئے محکمہ صنعت و تجارت اور چین کی کمپنی کے مابین معاہدہ طے پاگیا،صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور چین کی کمپنی کے سی ای او مسٹر لیوک نے معاہدے پر دستخط کئے معاہدے کی رو سے چین کی کمپنی پنجاب میں موبائل مینوفیکچرنگ کا کارخانہ لگائے گی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ چین کی ایک اور بڑی کمپنی کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہیں، چین کی کمپنی کو پنجاب میں کارخانہ لگانے کے لئے ہر ممکن سہولت دیں گے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا بہترین وقت اور سازگار ماحول موجود ہے۔خصوصی اقتصادی زونز میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات حاصل ہیں۔صوبائی وزیر نے کمپنی کے دیگر حکام سے ملاقات بھی کی۔