اسلام آباد(این این آئی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے پاکستان نے بھارتی موقف کو آڑے ہاتھوں لینے کا فیصلہ کر لیا۔پاکستان نے ابتدائی موقف میں 1996ء اور 2003ء کے ورلڈ کپ کی مثال پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے، 2003ء میں نیوزی لینڈ، کینیا اور انگلینڈ نے زمبابوے میں کھیلنے سے انکار کیا تھا۔1996ء میں آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز نے سری لنکا میں کھیلنے سے انکار کیا تھا، آئی سی سی نے انکار کرنے والی ٹیموں کے میچز میں حریف کو پوائنٹس دے دیے تھے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کا آئی سی سی میں یہ موقف ہو گا کہ ماضی میں ٹیموں کے نہ آنے پر وینیو تبدیل نہیں کیا گیا، ان مثالوں کی بنیاد پر پاکستان ایک سخت موقف اپنائے گا۔پاکستان اس بنیاد پر مائنس بھارت چیمپئنز ٹرافی کی تجویز بھی دے سکتا ہے، بھارت کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی پر اب تک کوئی بات تحریری نہیں کی گئی۔ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ تمام موقف تحریری دینے پر بھی زور دے گا۔