اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے کہا ہے کہ ملک کے 5فیصد امیر ترین افراد بھی ٹیکس ادا نہیں کر رہے۔ ایف پی سی سی آئی سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے شرح سود میں مزید 150سے 200بیسس پوائنٹس کمی کی امید ہے ،ملک میں کوئی اور گنجائش نظر نہیں آ رہی صرف ٹیکس کلچر کا فروغ ہی مسائل کا حل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کا 5فیصد امیر ترین طبقہ بھی ٹیکس فائل نہیں کر رہا۔ چیئرمین ایف بی آر نے دہائیوں سے ٹیکس دہندگان کی بجائے ایف پی سی سی آئی کے ٹیکس چوروں کو ٹارگٹ کرنے کے مطالبے کی توثیق کی۔انہوں نے ایف بی آر کے گریڈ 19 کے افسر کو روز مرہ کے مسائل حل کرنے کیلئے فوکل پرسن بنانے اور تجارتی انجمنوں کے ہنگامی معاملات انہیں بتانے کی ہدایت کی۔
چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ جتنا بھی ٹیکس جمع کیا جاتا ہے وہ قرضوں پر سود کی ادائیگی میں استعمال ہو جاتا ہے، انہوں نے اعتراف کیا کہ حالیہ برسوں میں معاشی مشکلات رہی ہیں اور اس بات سے اتفاق کیا کہ صنعتوں کو مسائل کا سامنا ہے، لیکن کہا کہ معیشت میں بحالی کے آثار دکھائی دے رہے ہیں۔ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ فیڈریشن اور ایف بی آر نے جامع ٹیکسیشن اصلاحات کے ایجنڈے پر مشاورت، تعاون اور ہم آہنگی پر اتفاق کیا ہے۔