لندن (این این آئی)برطانوی پارلیمنٹ میں برٹش پاکستانی اراکین کی تعداد 15 برقرار ہے جبکہ 4 نئے چہرے بھی سامنے آگئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ناز شاہ، شبانہ محمود، یاسمین قریشی، افضل خان عمران حسین، روزینہ خان، محمد یاسین اور ثاقب بھٹی جیت گئے ہیں۔اس کے علاوہ نصرت غنی، طاہر علی، زہرہ سلطانہ، عدنان حسین اور زبیر جیتنے والوں میں شامل ہیں۔
برمنگھم میں بڑا آپ سیٹ ہوا، لیبر پارٹی کے خالد محمود کو شکست ہو گئی اور آزاد امیدوار بیرسٹر ایوب خان 500 ووٹوں کے مارجن سے کامیاب ہوئے۔خالد محمود 2001 سے برمنگھم پیری بار سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوتے چلے آ رہے تھے اور وہ سینئر ترین مسلمان پارلیمنٹیرین تھے۔برطانوی میڈیا کے مطابق غزہ جنگ کو اپنی انتخابی مہم میں شامل کرنے والے آزاد امیدواروں نے کئی بڑے اور مضبوط ناموں کو شکست دی۔برطانیہ میں عام انتخابات میں 650 میں سے 649 نشستوں کے نتائج سامنے آئے ہیں اور لیبر پارٹی نے اب تک 412 نشستیں حاصل کر لی ہیں۔عام انتخابات میں کنزرویٹو نے 121 اور لبرلز نے 71 نشستیں حاصل کی ہیں۔