سوات (این این آئی)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے نکلنے کی کال دی تو ہم بتائیں گے، اپنا حق چھیننا اور لینا جانتے ہیں، جبر سے ہمارے لوگوں کی وفاداریاں تبدیل نہیں کروا سکتے، صوبے میں مزید ٹیکس نہیں لگانے دیں گے۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ملک شخصیات سے نہیں، آئین سے چلتے ہیں، جعلی کیسز میں ہمارے لیڈر کو سزائیں دی جا رہی ہیں۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خیبر پختونخوا والوں کو یقین دلاتا ہوں ان کے ہر مسئلے کو حل کریں گے، کے پی میں جو کوئی غیر قانونی طریقے سے جنگل کاٹے، اس کے ہاتھ کاٹ دو۔انہوں نے کہا کہ ہم صرف عمارت اور میدان نہیں، تمام سہولتیں دیں گے، تعلیم اور علاج دیں گے، کھلاڑیوں کو سہولتیں دیں گے، عوامی حکومت میں عوام کے تمام کام ہوں گے، رشوت لینے والواں کو نہیں چھوڑیں گے، ان کے ہاتھ توڑیں گے۔