دبئی (این این آئی)دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سامان سے عجیب و غریب اشیا ملنے پر مسافر کو حراست میں لے لیا گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کسٹم حکام نے دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل ون پر افریقی ملک سے تعلق رکھنے والے ایک مسافر کو غیرقانونی اشیا برآمد ہونے پر حراست میں لے لیا۔مسافر کے پاس سے ملنے والی اشیا میں زندہ سانپ، بندر کا ہاتھ، روئی میں لپٹے ہوئے انڈے، مردہ پرندہ اور جانور کی کھال شامل تھی جس پر مختلف علامتیں بنی ہوئی تھیں۔
کسٹم انسپکٹر نے بتایا کہ یہ اشیا محکمہ اسلامی امور کے حوالے کردی گئی ہیں جس نے تصدیق کی کہ یہ کالے جادو میں استعمال کی جاتی ہیں۔ گرفتار ملزم کو دبئی پولیس کے حوالے کردیا گیا ۔واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں کالا جادو کرنا یا جادو ٹونے کی اشیا اسمگل کرنا غیر قانونی ہے۔ کالے جادو کی اشیا کی اسمگلنگ کرتے ہوئے پکڑے جانے والے افراد کو قید یا جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔دبئی کسٹمز کا کہنا تھا کہ 2018 اور 2020 کے درمیان دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 68 کلوگرام سے زیادہ کالے جادو کی اشیا ضبط کی گئیں جن میں دھات کے ٹکڑے، جانوروں کی کھالیں، کالے جادو کی کتابیں، پریشانی کی مالا، مچھلی کے کنکال، انگوٹھیاں، ناخن، ہڈیاں اور خون شامل تھے۔