کراچی (این این آئی) محکمہ تعلیم کے پروجیکٹ سلیکٹ میں کرپشن کا انکشاف سامنے لانے والے منیجر کو کرپشن کی نشاندہی کرنے پر عہدے سے ہٹادیا گیا۔تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم کے پروجیکٹ سلیکٹ میں کرپشن کا انکشاف ہوا ہے، عبدالحمید علوانی، منیجر پی ایم آئی یو سلیکٹ نے سیکریٹری تعلیم کو خط لکھ کر آگاہ کیا تھا، خط لکھنے کے کچھ دن بعد پروجیکٹ منیجر عبدالحمید علوانی کو ہٹادیا گیا۔ذرائع کے مطابق عبدالحمید علوانی نے پروجیکٹ میں بڑے پیمانے پر کرپشن کی نشاندہی کی تھی، خط میں انہون نے سیکریٹری تعلیم کو مالی بدعنوانیوں اور اختیارات کے غلط استعمال سے آگاہ کیا تھا۔عبدالحمید علوانی خط میں انکشاف کیا کہ پروجیکٹ کیلئے 2022 میں 12 لیپ ٹاپ خریدے گئے تھے، 2 لیپ ٹاپس کی اسٹاک رجسٹر میں انٹری ہی موجود نہیں ہے جبکہ سندھ ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق ہیڈ ماسٹر کو انتظامی پوسٹ پر تعینات بھی نہیں کیا جاسکتا۔
عبدالحمید علوانی نے خط میں لکھا تھا کہ سلیکٹ پروجیکٹ میں خلاف قانون عہدے دئیے گئے، لیاقت علی سولنگی کو بجٹ اینڈ فنانس آفس کا اضافی چارج دیا گیا ساتھ ہی انہیں ایک عدد لیپ ٹاپ اور ایک گاڑی بھی دی گئی تھی لیکن آرڈر منسوخ ہونے کے بعد گاڑی اور لیپ ٹاپ واپس جمع نہیں کرایا گیا۔عبدالحمید علوانی نے انکشاف کیا کہ 46 لاکھ کے 2 کمپیوٹر سرور کا کچھ پتہ ہی نہیں، چیف پروگرام منیجر نے 2 نئی گاڑیاں خریدی اور انہوں نے گاڑیاں بنا کسی اطلاع یا رسید کے اپنے ساتھ لے گئے۔انہوں نے خط میں لکھا تھا کہ پراجیکٹ کمیٹیوں کی شمولیت کے بغیر تمام اسٹاف اور کنسلٹنٹس کی تقرریوں میں بے ضابطگیاں کی گئی، 19ویں گریڈ کے ایک افسر 7 سے 8 پراجیکٹس کے چارج سنبھالے ہوئے ہیں۔