گوجرانوالہ(نیوز ڈیسک)گوجرانوالہ میں مضرصحت کھانا کھانے سے 10سے زائد باراتیوں کی حالت بگڑ گئی۔ جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے شادی ہال سیل کردیا۔ گوجرانوالہ کے علاقے نگار پھاٹک کے مقامی شادی ہال میں ایک شہری اسماعیل کی بیٹی کی شادی تھی۔میرج ہال انتظامیہ نے مضر صحت کھانے سے باراتیوں کی تواضع کی، جس پر کچھ مہمانوں کی حالت بگڑ گئی۔ اس پر لڑکی والوں کی میرج ہال انتظامیہ سے تلخ کلامی ہوگئی، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے میرج ہال کو سیل کرکے منیجر کو حراست میں لے لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی عتیق الرحمن کا کہنا ہے کہ مضر صحت کھانے کے سیمپلز لے لیے گئے ہیں، الزام ثابت ہونے پر میرج ہال انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔