بماکو(این این آئی)افریقی ملک مالی میں سونے کی کان میں حادثے کے نتیجے میں100 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مالیان کے جنوب مغربی قصبے کنگابا میں سونے کی کان کنوں کے گروپ کے عہدیدار عمر سیدیبی نے پیش آنے والے واقعے کے بارے میں بتایا کہ معاملہ ایک شور کے ساتھ شروع ہوا اور یکایک زمین ہلنے لگی، سونے کی کان میں مزدوروں کی تعداد 200 سے زیادہ تھی، تلاش اب ختم ہو گئی ہے اور ہمیں 100 لاشیں ملی ہیں۔
ایک مقامی کونسلر نے بھی حادثے میں ہلاک مزدوروں کی اسی تعداد کی تصدیق کی۔مالی کی کانوں کی وزارت نے ایک بیان میں متعدد کان کنوں کی ہلاکت کا اعلان کیا تھا، لیکن درست اعداد و شمار نہیں بتائے تھے۔حکومت نے غم زدہ خاندانوں اور مالی کے عوام کے ساتھ گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے۔