سیئول(این این آئی)شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے فوجی کمانڈروں سے کہا ہے کہ اگر امریکا اور جنوبی کوریا فوجی تصادم کی جانب بڑھتے ہیں تو انہیں تباہ کرنے کیلئے ہیں اپنے سب سے طاقتور ذرائع کو متحرک کرنا ہوگا۔شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق کم جونگ نے سیئول میں حکمراں ورکرز پارٹی کے ہیڈ کوارٹر میں سینیئر فوجی رہنمائوں کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جزیرہ نما کوریا پر مسلح تصادم کا خطرہ تیزی سے حقیقت بنتا جا رہا ہے کیونکہ امریکا سمیت دشمنوں کی طرف سے مخاصمانہ چالیں چلی جا رہی ہیں جس سے نمٹنے اور ملک کو محفوظ بنانے کیلئے اپنے ہتھیاروں کو تیز کرنے اور طاقتور ذرائع کو متحرک کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر دشمن فوجی تصادم کا انتخاب کرتے ہیں تو ہماری فوج کو بغیر کسی ہچکچاہٹ کے اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اور انہیں مکمل ختم کرنے کیلئے کاری وار کرنا ہوگا۔اس سے قبل حکمراں ورکرز پارٹی کے پانچ روزہ اجلاس کے اختتام پر ملک کی فوجی تیاری کو اپ گریڈ کرنے کے عہد کی تجدید کی گئی جس میں جوہری ہتھیاروں کو بڑھانے، فوجی ڈرون بڑھانے اور 2024میں تین نئے جاسوس سیٹلائٹ لانچ کرنے کے اہم فیصلے کیے گئے۔شمالی کوریا نے 2023میں اپنے سب سے بڑے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا اور اپنا پہلا فوجی جاسوسی سیٹلائٹ لانچ کیاجسے کم نے ملک کی فوج کو جدید بنانے میں بڑی پیش رفت قرار دیا ہے۔