اسلام آباد(نیوزڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سانحہ منیٰ پر سعودی حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں ، حادثے کی وجوہات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایک ملک کے حاجیوں کے گروپ نے آگے جانے کی بجائے پیچھے کی سمت جانا شروع کردیا تھا جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانحہ منیٰ کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ سانحہ منیٰ ایک افسوسناک واقع ہے جس پر پوری امت مسلمہ دل گرفتہ ہے حکومت پاکستان حادثے کے حوالے سے سعودی حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور اس سلسلے میں وزارت داخلہ اور وزارت مذہبی امور سعودی حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں انہوں نے کہا کہ سانحہ منیٰ کے حوالے سے اب تک جو شواہد سامنے آئے ہیں اس سے معلوم ہوتا ہے کہ ایک ملک کے حاجیوں کے گروپ نے آگے بڑھنے کی بجائے پیچھے کی سمت جانا شروع کردیا تھا جس کی وجہ سے یہ افسوسناک سانحہ رونما ہوا ہے