راولپنڈی( این این آئی)ہائیکورٹ نے موسم سرما کی تعطیلات کے دوران نجی تعلیمی اداروں کے دفاتر کھلے رکھنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس جواد حسن نے احکامات جاری کئے، پنجاب بھر کے پبلک و پرائیویٹ سکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات 18 دسمبر سے یکم جنوری تک دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا، ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ سرگرمیوں کے لئے سکولز مکمل طور پر بند رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔
پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز نے سنگل فیس کے ساتھ داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 22 دسمبر مقرر کی تھی، ڈبل فیس کے ساتھ 5 جنوری اور تین گنا فیس کے ساتھ 13 جنوری کی تاریخ مقرر کی تھی، تعلیمی ادارے بند ہونے کی وجہ سے بچوں کے داخلے اور فارم کی تصدیق کا عمل متاثر ہو رہا تھا۔نجی سکول کے طالب علم ابراہیم کے والد نے نوٹیفکیشن کو ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا، سیکرٹری سکولز ایجوکیشن پنجاب، سی ای او ایجوکیشن، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کو فریق بنایا گیا، ایڈووکیٹ وقار احمد نے دلائل دیئے اور پنجاب تعلیمی بورڈز کے شیڈول کی طرف توجہ دلائی تھی۔ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے سکولز مالکان کو نان ٹیچنگ سرگرمیوں کی اجازت دے دی۔