کراچی (این این آئی) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اوپن کرنسی مارکیٹ میں شرح تبادلہ کو شفاف بنانے کی غرض سے ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کو 26دسمبر سے نئے میکنزم کے تحت 6اہم غیرملکی کرنسیوں کی شرح تبادلہ کے تعین اور اجرا کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ظفر پراچہ کو بھیجے گئے خط میں اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ وہ 6اہم غیرملکی کرنسیاں جن میں امریکی ڈالر ، یورو کرنسی ، برطانوی پانڈ ، جاپانی ین ، اماراتی درہم اور سعودی ریال شامل ہیں کے اختتامی شرح مبادلہ کا تعین نامزد 12 مجاز ایکس چینج کمپنیاں یومیہ بنیادوں پر کریں گی، جو 75فیصد مارکیٹ شئیر کی حامل ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ایکس چینج کمپنیاں ایسوسی ایشن کے توسط سے روزانہ شام ساڑھے 4بجے کرنسیوں کی خرید وفروخت کی شرحیں جمع کرانے کی پابند ہونگی.خط میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اگر کوئی ایکس چینج کمپنی ایک ماہ میں پانچ کاروباری ایام میں ان اہم غیرملکی کرنسیوں کی شرح مبادلہ دینے میں ناکام ہوئیں تو انہیں ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے ذریعے اس ضمن میں وضاحت کرنی پڑے گی.خط میں کہا گیا ہے کہ ایسوسی ایشن غیرملکی کرنسیوں کی سادہ اوسط شرحوں کو شام 5بجے تک اسٹیک ہولڈرز کو فراہم کرے گی۔
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے جنرل سیکریٹری ظفر پراچہ نے مرکزی بینک کے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں من وعن عمل درآمد کے عزم کا اظہار کیا ہے.انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کے اس نئے میکنزم منی لانڈرنگ، سٹے بازی سمیت دیگر غیرقانونی سرگرمیوں کا خاتمہ ممکن ہوگا جبکہ ڈالر سمیت دیگر اہم غیرملکی کرنسیوں کی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کی مزید حوصلہ شکنی ہوگی۔