اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے روپوش رہنما سینیٹر اعظم خان سواتی نے آئندہ برس 8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے مقابلے میں الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔سینیٹر اعظم خان سواتی کی ایک ویڈیو پاکستان تحریک انصاف کے سوشل میڈیا پیج پر جاری کی گئی ہے جس میں اعظم سواتی مانسہرہ سے قومی اسمبلی کے حلقے میں نواز شریف کے مد مقابل الیکشن لڑنے کی خواہش کا اظہار کر رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے سابق وزیراعظم پر کرپشن اور ملکی دولت لوٹ کر بیرون ملک جائیدادیں بنانے کے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے این اے 15 مانسہرہ سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑنے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔اعظم سواتی نے کہاکہ اگر میری جماعت نے مجھے ٹکٹ دیا تو میں نواز شریف کا مقابلہ کروں گا اور مانسہرہ کی غیور عوام، مائیں بہنیں اور بھائی 8 فروری کو مجھے اور تحریک انصاف کو جتوا کر اپنا پیغام دیں گے۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اعوان نے مانسہرہ سے نواز شریف کے کاغذات نامزدگی حاصل کیے تھے اور ان کا کہنا تھا نواز شریف مانسہرہ سے قومی اسمبلی کا الیکشن جیت کر چوتھی مرتبہ ملک کے وزیراعظم بنیں گے اور عوام کے مسائل کا حل نکالیں گے۔دوسری جانب 9 مئی کے واقعات میں ملوث ہونے اور عدالتوں کا سامنا نہ کرنے پر سینیٹر اعظم سواتی، مراد سعید اور حماد اظہر سمیت 18 پی ٹی آئی رہنماؤں کے شناختی کارڈ بلاک کیے جا چکے ہیں۔