سرگودھا(این این آئی) ایڈیشنل سیشن جج میانوالی نے بیٹے کی خواہش پوری نہ ہونے پر اپنی 6 دن کی اپنی نومولود بچی کو فائرنگ کر کے قتل کرنے پر درج مقدمہ قتل کا فیصلہ سناتے ہوئے مقتولہ بچی کے قاتل باپ کو سزائے موت اور5 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کا حکم سنا دیا۔زرائع کے مطابق سرگودھا ریجن کے علاقہ وانڈھی گھنڈوالی میانوالی میں بیٹے کی جگہ بیٹی پیدا نہ کرنے پر 6 مارچ 2022 کو اپنی بیوی سے جھگڑا میں سفاک باپ شاہ زیب نے فائرنگ کر کے اپنی 6 دن کی نومولود بیٹی جنت بی بی کو قتل کیا اور فرار ہو گیا۔
جس پر پولیس نے مقتولہ بچی کی نعش پوسٹمارم کے بعد ورثائ کے سپرد کر دی اور سفاک باپ شاہ زیب کے خلاف مقدمہ قتل درج کر لیا جس میں آئی جی پنجاب اور آر پی او سرگودھا کے نوٹس لیکر رپورٹ طلب کرنے پر ڈی پی او کی زیر نگرانی میانوالی پولیس نے 10 مارچ کو ضلع بھکر کے علاقہ میں چھاپہ مار کر بچی کے قاتل باپ شاہ زیب کو گرفتار کر لیا اورآلہ قتل برآمد کر کے ملزم کو ڈسٹرکٹ جیل بجھوا دیا اور مقدمہ قتل کا چالان عدالت میں پیش کیا۔گزشتہ روز ملزم کو جیل سے عدالت پیش کیا گیا جہاں فاضل عدالت کے جج نور محمد بسمل نے بچی کے مقدمہ قتل کا فیصلہ سناتے ہوئے قاتل باپ شاہ زیب خان کو سزائے موت،5 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کا حکم سنا دیا۔اور پولیس کے کہڑے پہرہ میں ملزم کو سزا بھگتنے کے لئے واپس جیل منتقل کر دیا گیا۔