اسلام آباد (این این آئی)پاکستان کی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل نے کاروبار اور سرمایہ کار دوست ویزا سروس کا آغاز کردیاجس کا مقصد مالی سرمایہ کاری کے ذریعے ملک میں کام کرنے کے خواہشمند بین الاقوامی کاروباری افراد کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایس آئی ایف سی نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا ہے کہ ایس آئی ایف سی فخر کے ساتھ خصوصی ایس آئی ایف سی ویزا کی رونمائی کررہی ہے، یہ شاندار انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے۔
ایس آئی ایف سی نے پوسٹ کیساتھ ایک مختصر ویڈیو بھی شائع کی گئی جس میں کہا گیا کہ ویزوں کی مدت چھ ماہ سے پانچ سال کے درمیان ہے۔کونسل نے عزم کیا کہ وہ 24 گھنٹوں کے اندر ان دلچسپی رکھنے والے فریقوں کو یہ سفری اجازت نامے جاری کرے گی جنہوں نے پاسپورٹ ، تصاویر اور ایس آئی ایف سی سفارشی خطوط جمع کرائے تھے۔
ویڈیو میں کہا گیا ہے کہ جو لوگ ملک میں کاروبار قائم کرنا یا بڑھانا چاہتے ہیں وہ چھ ماہ، سنگل انٹری یا پانچ سالہ ملٹی پل انٹری بزنس ویزا میں سے کسی ایک کا انتخاب کرسکتے ہیں تاہم جو افراد ملک کے نامزد اقتصادی شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں وہ تین یا پانچ سالہ ملٹی پل انٹری سرمایہ کار ویزا کا انتخاب کرسکتے ہیں۔
ایس آئی ایف سی نے کہا کہ ان ویزوں میں دو سال کی توسیع کی جا سکتی ہے، اس کیلئے پروسیسنگ کا وقت دو ہفتے ہوگا۔کونسل کا حالیہ اقدام اس ماہ کے اوائل میں اس کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد اٹھایا گیا ہے۔ اجلاس میں اقتصادی زونز کے قیام سے متعلق انتظامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ملک میں نجکاری کے عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔