نئی دہلی (این این آئی)بھارتی لوک سبھا میں سکیورٹی کی سنگین کوتاہی کی وضاحت مانگنے پر بھارتی پارلیمنٹ سے اپوزیشن کے 79 ارکان کو معطل کر دیا گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق 13 دسمبر کو نئی لوک سبھا اسمبلی بلڈنگ میں جاری اجلاس کے دوران وزیٹرز گیلری میں موجود دو نوجوان اچانک سے ارکان پارلیمان کی نشستوں والے حصے کی طرف کود گئے تھے۔
نوجوانوں نے اجلاس کے دوران ارکان کی نشستوں کی طرف کود کر اسموک بم پھینکے جس کے بعد ایوان میں افراتفری مچ گئی۔پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں نوجوانوں کو موقعے پر ہی گرفتار کر لیا، واقعے کے بعد اجلاس کی کارروائی ملتوی کر دی گئی تھی۔اپوزیشن ارکان نے ایوان میں سکیورٹی کوتاہی پر وزیر داخلہ امیت شاہ سے بیان دینے کا مطالبہ کیا تھاتاہم سکیورٹی کی سنگین کوتاہی کی وضاحت مانگنے پر اپوزیشن کے 39 ارکان کو لوک سبھا اور 45 ارکان کو راجیاسبھا سے معطل کر دیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق اپوزیشن ارکان کو پارلیمنٹ کے جاری سرمائی اجلاس کے بقیہ سیشنز سے معطل کیا گیا ہے۔