کراچی (این این آئی)کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی فیسوں میں 185 فی صد تک ہوشربا اضافہ کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کے ایم ڈی سی میں داخلے کے خواہش مندوں کے لیے بری خبر ہے کہ انتظامیہ نے فیسوں میں ہوش ربا اضافہ کر دیا ہے، اوپن میرٹ کی بنیاد پر داخلہ فیس 20 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار کر دی گئی۔اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سیلف فنانس طلبہ کے لیے فیس ایک لاکھ کر دی گئی ہے، ٹیوشن فیس 50 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ 17 ہزار 600 کر دی گئی، سیلف فنانس طلبہ سے اب 12 لاکھ فیس وصول کی جائے گی۔
طلبہ سے ترقیاتی فنڈ کے نام پر 30 اور 50 ہزار روپوں کی الگ سے وصولی ہوگی، جس پر طلبہ نے مطالبہ کیا ہے کہ میئر کراچی مرتضی وہاب فوری فیسوں میں اضافہ واپس لیں۔رکن سٹی کونسل کے ایم سی تیمور احمد نے بھی کہا ہے کہ فیسوں کی مد میں ایسی بھتہ خوری کی کوئی مثال نہیں ملتی، پٹرول کی قیمت میں واضح کمی کے باوجود ٹرانسپورٹ فیس میں 80 فی صد اضافہ کیا گیا۔رکن سٹی کونسل نے مطالبہ کیا کہ کونسل کا اجلاس بلا کر فیسوں کے نام پر ان ترقیاتی چارجز کا جواب دیا جائے۔