اوٹاوا(این این آئی)کینیڈا نے لاکھوں غیر قانونی امیگرنٹس کو شہریت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کینیڈا کے وفاقی وزیرِ امیگریشن مارک ملر نے اعلان کیا کہ کینیڈا میں مقیم قانونی دستاویزات کے بغیر رہنے والے افراد کو مستقل رہائشی کارڈ جاری کر دیے جائیں گے اور اس طرح انہیں قانونی حیثیت مل جائے گی۔
اس فیصلے سے لاکھوں رفیوجیز سمیت ان افراد کو بھی فائدہ ملے گا جن کے ورک پرمٹس یا انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس کے ویزا کی میعاد ختم ہو چکی ہے۔ وزیرِ امیگریشن کے مطابق غیر قانونی قیام پذیر امیگرنٹس کو قانونی حیثیت دینے کا فیصلہ کینیڈا میں 2025 تک پانچ لاکھ افراد کو امیگریشن دینے کے منصوبے کا حصہ ہے۔ وزیرِ امیگریشن کے مطابق حکومتِ کینیڈا کے نئے فیصلے کی تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔