جہلم (آن لائن) گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ڈومیلی میں ایک مرتبہ پھر ڈینگی اسپرے کے اثرات کے باعث 23 طالبات بیہوش اور متعدد کی حالت غیر ہو گئی ۔ تمام طالبات کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا جہاں ان کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز جہلم کے علاقے ڈومیلی میں عید کی تعطیلات کے بعد گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ڈومیلی کو دوبارہ تدریسی عمل کے حوالے سے کھولا گیا جہاں 2 ہفتے قبل کئے گئے ڈینگی اسپرے کے اثرات کے باعث 23 طالبات بیہوش اور متعدد کی حالت ایک مرتبہ پھر غیر ہو گئی ۔ واقع کے بعد ریسکیو ٹیمیں اور ایمبولینسز سکول پہنچ گئیں اور تمام متاثرہ طالبقت کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈی ایچ کیو ہسپتال اور ڈومیلی کے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق 23 بچیوں کو نیم بیہوشی کی حالت میں ہسپتال لایا گیا جبکہ تمام بچیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔ ڈینگی سپرے کے زہریلے اثرات کی وجہ سے بچیوں نے زہریلی آکسیجن کی جس سے ان کے پھیپھڑے متاثر ہوئے اور سانس لینے میں مشکلات پیش آئیں اور بیہوش ہوئیں ۔ واضح رہے کہ دو ہفتے قبل سکول میں ڈینگی سپرے کیا گیا تھا جس کی وجہ سے درجنوں طالبات بیہوش ہو گئیں تھیں جس کے بعد سکول کو غیر معینہ مدت کے لئے بند کر دیا گیا تھا جس کو گزشتہ روز دوبارہ کھولا گیا تو ڈینگی سپرے کے اثرات تاحال موجود ہونے کی وجہ سے ایک مرتبہ پھر 23 طالبات بیہوش ہو گئیں ۔