کراچی(این این آئی) انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپیہ تگڑا رہا اور ڈالر کے نرخ گر کر 283روپے 25پیسے پر آگئے۔ انتخابات کے انعقاد سے متعلق الیکشن کمیشن کی وضاحت، ایس آئی ایف سی کی جانب سے سرمایہ کار دوست ویزا پالیسی اور طلب کے مقابلے میں رسد زائد ہونے جیسے عوامل کے باعث جمعہ کو بھی انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپیہ تگڑا رہا۔
غیرملکی سرمایہ کاری معاہدوں پر عمل درآمد کے آغاز، معیشت درست سمت پر گامزن ہونے اور زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر میں اضافے کے رحجان سے روپے کو استحکام ملا۔ان مثبت عوامل کے باعث کاروباری دورانیے کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 26پیسے کی کمی سے 283روپے 25پیسے پر بند ہوئی۔اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 284روپے 50پیسے پر مستحکم رہی۔