اسلام آباد(این این آئی)تحریک انصاف کا امریکہ میں فنڈ اکٹھے کرنے اور لابنگ کیلئے نئی کمپنی کی رجسٹریشن کرانے کا انکشاف ہوا ہے، نئی کمپنی کی رجسٹریشن امریکی ڈیپارٹمنٹ آف جسٹس میں چندروز قبل کرائی گئی ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق کمپنی تحریک انصاف کے نئے چیئرمین گوہر علی خان کے عہدے سنبھالنے کے چند روزبعد بنائی گئی،بیرسٹر گوہر علی خان کو کمپنی کا فارن پرنسپل دکھایا گیا ہے جبکہ تحریک انصاف کے نئے چیئرمین گوہر علی خان نے کہا ہے کہ کمپنی کے قیام سے متعلق انہیں کوئی علم نہیں ، کمپنی رجسٹرڈ کروانا کوئی غیرقانونی نہیں تاہم وہ اس نئی رجسٹریشن کے متعلق تمام معلومات اکٹھی کرکے میڈیا سے شیئرکرینگے۔
رپورٹ کے مطابق کمپنی کے ڈائریکٹرز دو امریکی شہری ہیں،امریکی ڈیپارٹمنٹ آف جسٹس میں کمپنی کا رجسٹریشن نمبر7351ہے، پی ٹی آئی شکاگو چیپٹر نے یہ کمپنی رجسٹرڈ کرائی ہے۔دو امریکی شہریوں راجہ یعقوب اور صغیر بختیاری کی طرف سے کمپنی رجسٹرڈ کرائی گئی ہے، دونوں ڈائریکٹرز نے کمپنی کی دستاویزات ڈیپارٹمنٹ آف جسٹس کے ساتھ 8دسمبر کو جمع کرائی ہیں۔کمپنی کا مقصد تحریک انصاف کی فلاح، جمہوریت کی بہتری، لابنگ ، امریکی اور پاکستانیوں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔
کاغذات فارا قانون کے تحت کمپنی کی 8دسمبر کو جمع کرائی گئیں ہیں،فارن پرنسپل یعنی بیرسٹر گوہر علی خان کے ساتھ معاہدہ 2دسمبر 2023کا بتایا گیا ہے۔تحریک انصاف کے نئے چیئرمین گوہر علی خان نے میڈیاکو بتایا ہے کہ کمپنی کے قیام سے متعلق انہیں کوئی علم نہیں ۔گوہر علی خان نے بتایا کہ پی ٹی آئی امریکہ سے معلومات لینے کی کوشش کررہاہوں، کمپنی رجسٹرڈ کروانا کوئی غیرقانونی نہیں تاہم وہ اس نئی رجسٹریشن کے متعلق تمام معلومات اکٹھی کرکے میڈیا سے شیئرکرینگے۔