اسلام آباد (این این آئی)سابق ایم پی اے عمر تنویر بٹ نے راولپنڈی انسداد دہشت گردی عدالت کے جسٹس ملک اعجاز آصف کی عدالت میں سررینڈر کر دیا۔پی ٹی آئی کے سابقہ ایم پی اے پی پی 15 عمر تنویر بٹ لمبا عرصہ روپوش ہونے کے بعد منظر عام پر آئے ،عمر تنویر بٹ 9 مئی واقعات کے مقدمات میں تھانہ سٹی پولیس کو مطلوب تھے۔
عمر تنویر بٹ انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر رسمی گفتگو بھی کی ۔انہوں نے کہا کہ اداروں اور افواج پاکستان پر اعتماد ہے اور انصاف کی توقع ہے9 مئی سیاہ دن تھا ،بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے بھی اسکی مذمت کی ،میں بھی اور ہر پاکستانی اس واقعہ کی مذمت کرتا ہے جس سیاست میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی نا ہو اس سیاست کا کوئی فائدہ نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ اپنی بے گناہی ثابت کروں گا ہم پاکستانی ہیں اور اداروں پر فخر ہے ۔انسداد دہشتگردی کی عدالت نے عمر تنویر بٹ کو تھانہ سٹی پولیس کی تحویل میں دے دیا گیا جہاں سے انہیں تھانہ سٹی منتقل کر دیا گیا ۔عمر تنویر بٹ پر 9مئی کے واقعات میں تھانہ سٹی میں مقدمہ نمبر 563/23 درج تھا۔