نئی دہلی (این این آئی)بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی نے ورلڈ کپ کے ایک میچ کے دوران سجدہ کرتے ہوئے خود کو روکنے کے معاملے پر لب کشائی کردی۔ ورلڈ کپ کے گروپ اسٹیج کے میچ میں سری لنکا کے خلاف اپنی پانچ وکٹیں مکمل کرتے ہیں وہ گھٹنوں پر بیٹھ گئے اور ظاہری طور پر سجدہ کرنے والے تھے،عین اس موقع پر انہوں نے سجدہ میں جانے سے خود کو روک لیا اور دوبارہ کھڑے ہوگئے۔
شامی کی یہ ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس پر سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ شامی نے سجدہ اس لیے نہیں کیا کیونکہ اس کے ردِعمل کا خوف تھا تاہم اب اس معاملے پر محمد شامی نے کہا کہ انہیں مسلمان اور بھارتی ہونے پر فخر ہے۔ ساتھ میں ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ سجدہ کرنا چاہتے تو انہیں کوئی نہیں روک سکتا تھا۔ محمد شامی کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے کیریئر میں کبھی بھی پانچ وکٹیں لینے کے بعد سجدہ نہیں کیا۔ فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ اگر میں سجدہ کرنا چاہتا تو کرتا، اس میں مسئلہ ہی کیا ہے؟ اگر مجھے سجدہ کرنے کیلئے بھی کسی سے اجازت کی ضرورت پڑے تو پھر میں اس ملک میں کیوں رہوں؟