کراچی(این این آئی)سردیاں کیا شروع ہوئیں ساتھ ہی ناجائز منافع خوروں کی بھی چاندی ہوگئی، مرغی کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ اس کے انڈے بھی عوام کی پہنچ سے دور کردیئے گئے۔انڈوں کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے سے متعلق صارفین نے بتایاکہ آئے روز دام بڑھتے جا رہے ہیں لیکن قیمتوں کو چیک کرنے والا کوئی نہیں ہے۔رپورٹ کے مطابق شہر قائد میں انڈوں کے بیوپاریوں نے سرد ہوا چلتے ہی فی درجن ریٹ میں من مانا اضافہ کردیا ہے۔
اس وقت کراچی میں فی درجن انڈے کی قیمت 370روپے سے زائد وصول کی جارہی ہے جبکہ دیسی انڈے بھی 600روپے درجن فروخت کیے جارہے ہیں۔ دوسری جانب انڈے کا سرکاری ریٹ 290 روپے فی درجن ہے۔مہنگائی کے ستائے شہریوں نے بتایاکہ حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر کوئی چیز بازار میں دستیاب نہیں ہے کس کس چیز کی شکایت کریں؟ کمشنر کراچی کی جانب سے جاری احکامات پر بھی عمل درآمد نہیں ہورہا۔رپورٹ کے مطابق شہر میں مرغی کے انڈوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر نظر رکھنے اور ان پر قابو پانے کیلئے کوئی موثر نظام موجود نہیں ہے۔