لندن(نیوز ڈیسک) پاکستان سے متعلق امور کے برطانوی وزیر ٹوبیاز الووڈ نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کیخلاف کراچی آپریشن درست سمت میں جارہا ہے، کراچی میں امن لوٹ آئے تو معاشی انقلاب آسکتا ہے، یہ ایک واضح امر ہے کہ کراچی میں مجرموں کے خلاف رینجرز کی کارروائی کے نمایاں اثرات سامنے آئے ہیں اور ایک سال قبل کے مقابلے میں پاکستان میں سیکورٹی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے ،گزشتہ ہفتہ کراچی اور اسلام آباد کے دورے سے واپسی پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی اور بحیثیت مجموعی پاکستان میں انتہا پسندوں کے حملوں میں نمایاں کمی ہوئی اور ان کی تعداد 5یومیہ کی شرح کے مقابلے میں ایک بلکہ اس سے بھی کم ہوگئی ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انتہاپسندوں کے خلاف آپریشن درست سمت میں جاری ہے، جنگ رپورٹر مرتضیٰ علی شاہ کے مطابق پاکستان سے متعلق برطانوی وزیر کے ان خیالات سے ظاہر ہوتاہے کہ بین الاقوامی برادری خاص طورپر برطانیہ جیسے اہم ممالک کراچی میں سخت گیر انتہاپسندوں جنھوں نے برسہابرس سے کراچی کو یرغمال بنا کر اس کی ترقی کی راہیں روک رکھی تھیں کے خلاف کارروائی کومثبت انداز میں دیکھتے ہیں، برطانوی وزیر نے جیو نیوز کو بتایا کہ حقیقت یہ ہے کہ میں کراچی کادورہ کرنے میں کامیاب ہوا اور یہ اس بات کاثبوت ہے کہ سیکورٹی کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ برطانوی حکومت پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے پاکستان کو محفوظ مقام بنانے اور اس کی گورننس سیکورٹی اورانفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے وعدے کے حوالے سے ان کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ایشیا کا گیٹ وے تھا اور برطانیہ اس شہر کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے میں دلچسپی رکھتاہے تاکہ اس کی صلاحیتوں سے استفادہ کیا جاسکے اور اس کی امنگیں پوری کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ اس میگا سٹی کی تیزی سے ترقی کیلئے اس کے ترقیاتی منصوبوں میں معاونت کا خواہاں ہے۔ انھوں نے کہا کہ کراچی جیسے بڑے شہروں کو متعدد چیلنجوں اور مسائل کا سامنا ہوتاہے، لیکن خوشحالی کے تصور کی تکمیل کیلئے ضروری ہے کہ وہاں امن قائم ہو اور ہر ایک کو روزگار دستیاب ہوسکے، انھوں نے کراچی سے لندن کاموازنہ کرتے ہوئے کہا کہ لندن میں لوگوں کو سیکورٹی اور سلامتی میسر ہے اور ہم نے یہ سب کچھ صرف اپنے لئے نہیں کیا ہے بلکہ ہم یہاں آنےوالے لوگوں کا خیرمقدم کرتے ہیں اور صرف بھیڑ بھاڑ اورفساد نہ پھیلائیں،انھوں نے کہا کہ وہ لندن کے میئر بورس جانسن سے کراچی کے بارے میں بات کریں گے اور یہ دیکھیں گے کہ کامیابی کے وہ کیا راز ہیں جن پر کراچی میں عمل کیا جاسکتاہے۔ انہوں بتایا کہ اس سال کے آخر تک برطانوی تاجروں کا ایک بڑا وفد پاکستان کادورہ کرے گا اور اس بات کاجائزہ لے گا کہ اس ملک میں ان کیلئے کیا مواقع موجود ہیں، انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور پاکستان بہترین دوطرفہ تعلقات موجود ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں قریبی تعلقات سے اس کی عکاسی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی فوج کے پاک فوج کے ساتھ تعلقات بڑھ رہے ہیں، انھوں نے انتہاپسندی کے خلاف پاک فوج کی تعریف کی اور کہا کہ یہ بات حوصلہ افزا ہے کہ تعلیمی پروگراموں کے ذریعے نوجوانوں کو انتہاپسند بننے سے روکا جارہا ہے۔