نیویارک (نیوزڈیسک)امریکہ کے ایگزم بینک نے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں مائع قدرتی گیس سے تین ہزار چھ سو میگاواٹ بجلی کی پیداوار کے منصوبوں کیلئے مالی معاونت کرنے پر غور کرے گا۔یہ بات ایگزم بینک کے چیئرمین فریڈ پی پاک برگ نے منگل کو نیویارک میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے پاکستان کی مثبت اقتصادی صورتحال کوسراہتے ہوئے کہاکہ یہ پچھلے دو سال سے مثبت سمت میں گامزن ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایگزم بنک باہمی دلچسپی کے منصوبوں میں پاکستان کے ساتھ کام کرناچاہتا ہے۔وزیرخزانہ نے چیئر مین کو بتایا کہ گزشتہ دو سال ملک کی اقتصادی ترقی میں مدد گار ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی قومی پیداوار چاراعشاریہ دوچار فیصدرہی جبکہ حکومت مالی خسارے کو آٹھ اعشاریہ آٹھ سے کم کرکے پانچ اعشاریہ تین پر لانے میں کامیاب ہوئی ہے۔اسحاق ڈار نے کہاکہ حکومت کی بہتر اقتصادی پالیسیوں کی بدولت سٹینڈرڈ اینڈ POOR ا ور موڈیز سمیت درجہ بندی کے اداروں نے پاکستان کی معیشت کو منفی سے مثبت درجہ بندی میں شامل کرلیا۔