راولپنڈی (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے وکیل آفتاب باجوہ نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہے مجھے سلو پوائزننگ ہو رہی ہے، ہم درخواست کریں گے ڈاکٹرز کی ٹیم ان کا معائنہ کریں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آفتاب باجوہ نے کہا کہ سائفر سے متعلق دستاویزات نہیں دی گئیں، تمام دستاویزات فائلز میں ہیں، عدالت نے ہمارے ساتھ بہت تعاون کیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مجھے گھر کا کھانا نہیں دیا جا رہا، ہمیں اوپن فارم میں ملاقات کرائی جائے، عدالتی حکم کے باوجود ہماری ملاقات بند کمرے میں کرائی گئی۔انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی چیرمین نے کہا ہمیں سابق وزیراعظم والی سہولتیں نہیں دی جا رہیں، چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ ہے ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر عمیر نیازی نے کہا کہ سائفر کیس کی سماعت 7 نومبر تک ملتوی کر دی گئی ہے، سماعت کیلئے 9 گواہان پہنچے، منگل 7 نومبر کو کیس پر مزید بات ہو گی، عدالتی وقت 9 بجے تھا اور پراسیکیوٹر صاحب 11 بجے عدالت تشریف لائے، ہم کہے چکے ہیں جو بیان ریکارڈ ہو گا اس کی کاپی ہمیں فراہم کی جائے، کونسل میٹنگ ہمارے مطابق نہیں کرنے دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ سماعت پر پہلے موکل کے ساتھ میٹنگ ہو گی پھر 10 بجے عدالتی عمل شروع ہو گا، چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ کھلے ماحول میں ملاقات کرنا چاہ رہے ہیں، انتہائی حساس معاملہ ہے، ہمیں تحفظات ہیں کہ ہماری باتیں کوئی اور سن رہا ہے۔بیرسٹر عمیر نیازی نے کہاکہ 9 مئی کا بہانہ بنا کر مقبول جماعت کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے، چئیرمین پی ٹی آئی سے ہمیں سازگار ماحول میں بات کرائی جائے، وہ سائفر کیس میں لندن پلان کی بات کر رہے ہیں، اس پر اتنے بند ماحول میں بات نہیں کی جا سکتی۔