نئی دہلی(نیوزڈیسک)بھارت میں پولیس کے مطابق ایک 34 سالہ وکیل کو اپنے جوتے میں نصب کیمرے کے ذریعے خواتین کی برہنہ ٹانگوں کی تصاویر اور ویڈیوز بنانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔دہلی کے ایک شاپنگ سینٹر کے مینیجر نے وکیل کو چھوٹی سکرٹ پہنے والی کئی خواتین کے قریب کھڑے ہوتے دیکھا جب وہ ان کی سکرٹس کے قریب اپنا دایاں پاؤں رکھتا تھا۔جب اس سے پوچھ گچھ کی گئی تو اْس نے بھاگنے کی کوشش کی لیکن اسے شاپنگ سینٹر کے محافظوں نے پکڑا لیا اور کیمرہ ملنے کے بعد پولیس کو بلالیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ اس شخص کے موبائل فون سے انھوں نے ایک درجن کے قریب ویڈیو کلپ برآمد کیے ہیں۔اس شخص کے خلاف ’تعاقب‘ اور’گھورنے یا کسی نجی کام میں مصروف خواتین کی تصاویر اْتارنے‘ کی شکایت درج کروائی گئی ہے۔بھارتی خبررساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے ایک پولیس اہلکار کے حوالے سے کہا ہے کہ وہ شخص اپنے دائیں جوتے میں کیمرے کو نصب کرتا تھا اور پھر پاؤں کو کسی ایسے خاص زاویے سے رکھتا تھا تاکہ وہ خواتین کی قابلِ اعتراض تصاویر کھینچ سکے۔خبررساں ایجنسی کی اطلاعات کے مطابق تفتیش کے دوران اس نے پولیس کو بتایا کہ اْسے یہ خیال کچھ مشہور ویب سائٹس سے ملا جس کے بعد اْس نے خفیہ کیمرہ خریدا۔ ایجنسی نے مزید کہا کہ یہ شخص پہلے بھی مختلف مواقعوں پر مختلف شاپنگ سینٹرز میں جاتا تھا۔اس شخص کا لیپ ٹاپ اور موبائل فون ضبط کر لیا ہے اور پولیس کا کہنا ہے کہ وہ یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ آیا اس شخص نے تصاویر اور ویڈیوز اپنے لیے کھینچی تھیں یا پھر وہ انھیں انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کرتا تھا۔پولیس کے مطابق اس شخص کو بعد میں ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔