مقبوضہ بیت المقدس(این این آئی) طاقت کے نشے میں مبتلا اسرائیل نے غزہ پر موت کی چادر پھیلا دی ، نہتے فلسطینیوں پرظلم و ستم جاری ہے، تباہ کن بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 3900 ہو گئی جبکہ 13 ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیل اپنی ہٹ دھرمی سے باز نہ آیا، 7 اکتوبر کو شروع ہونیوالی جنگ 14 ویں روز میں داخل ہوگئی، غزہ پر بمباری کے نتیجے میں ہر طرف تباہی و بربادی کے ڈیرے ہیں ، غزہ میں بجلی ، پانی، ایندھن سمیت بنیادی سامان ناپید ہوچکا جبکہ خوفناک بمباری میں پناہ گزین کیمپ، سکول اور مسجد کو بھی نشانہ بنایا گیا، اب تک بڑی تعداد میں فلسطینی جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔صیہونی فورسز نے مغربی کنارے میں بھی 69 فلسطینیوں کو شہید کردیا، صیہونی فورسز نے رام اللہ اور نابلو س میں بھی اسرائیلی فوج کے متعدد حملے کیے ، غزہ میں 12 ہزار سے زائد گھر تباہ ہوچکے ہیں جبکہ عمارتیں کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگی ہیں، مظلوم فلسطینی عمارتوں کے ملبے سے اپنے پیاروں کو ڈھونڈنے لگے۔
اسرائیلی طیاروں نے الزیتون علاقے میں آرتھوڈوکس چرچ کو بھی میزائلوں سے نشانہ بنایا جہاں سیکڑوں افراد پناہ لیے ہوئے ہیں، یہ گرجاگھر اسی ہسپتال کے ساتھ واقع ہے جہاں اسرائیلی فوج نے 500 فلسطینیوں کو شہید کیا تھا۔صیہونی فورسز نے غزہ کے ہسپتالوں کو بھی نشانے پر رکھ لیا ، اہلی ہسپتال پر حملے کے 24 گھنٹے کے دوران صیہونی فورسز کی القدس اور الشفا ہسپتال کے قریبی علاقوں پر بمباری کی گئی جبکہ ہسپتالوں کی حالت تشویشناک ہے ۔گزشتہ روز ہسپتال میں ہونیوالے حملے کے بعد اب تک مزید 433 فلسطینیوں کو شہید کیا گیا جبکہ متعدد زخمی ہیں ۔