تل ابیب (این این آئی)اسرائیل کی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ زاچی ہنیگبی نے کہا ہے کہ غزہ میں زیر حراست قیدیوں کا معاملہ اسرائیل کی اولین ترجیح ہے۔ انسانی امداد کے حوالے سے بات چیت میں بھی یہ معاملہ شامل ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک پریس بریفنگ میں ہنیگبی نے کہا کہ قیدیوں کا مسئلہ انسانی امداد کے بارے میں ہر بحث کا ایک لازمی حصہ ہے۔ انہوں نے یرغمالیوں کی رہائی کے لیے کسی بات چیت یا مذاکرات کے وجود کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حماس غزہ کے باشندوں کو جنوب سے نکلنے سے روکنے کی کوشش کر رہی ہے کیونکہ وہ انہیں انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنا چاہتی ہے۔اسرائیلی سکیورٹی عہدیدار نے امریکی صدر بائیڈن کا شکریہ ادا کیا کہ وہ مشکل وقت میں ہمارے ساتھ ہیں اور متوقع طور پر اسرائیل کا دورہ کر رہے ہیں۔ امریکہ نے مسلسل یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ وہ اسرائیل کو تمام مطلوبہ امداد بھی فراہم کرے گا۔ہنیگبی نے متنبہ کیا کہ اسرائیلی فوج حماس کے ہر اس رکن کو ہلاک کر دے گی جس نے سات اکتوبر کو جنوبی اسرائیل میں ہونے والے حملے میں حصہ لیا تھا۔