تل ابیب (این این آئی)اسرائیل نے غزہ میں اقوامِ متحدہ کے پناہ گزین کیمپ سمیت کئی مقامات پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 17 افراد سمیت مزید کئی افراد شہید ہو گئے۔شہیدوں کی مجموعی تعداد 2670 ہو گئی اور 9 ہزار 600 سے زیادہ زخمی ہیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیل فلسطینیوں کو بھوکا پیاسا مارنے پر تل گیا، غزہ میں انسانی بحران شدید ہو گیا، جہاں پانی، غذا اور ادویات کی شدید قلت ہے۔یو این ایجنسی نے ہنگامی امداد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کا گلا گھونٹا جا رہا ہے، لگتا ہے کہ دنیا انسانیت کھو چکی ہے۔ریڈ کریسنٹ کا کہناتھا کہ اسپتال چلانے کے لیے صرف ایک دن کا ایندھن باقی رہ گیا ہے، غزہ میں روز درجنوں میتیں اور زخمی دیکھنے والا ڈاکٹر اپنے بچے کی میت نہ دیکھ سکا۔