اسلام آباد(نیو زڈیسک) پیپلز پارٹی کے سابق وفاقی وزیر مرزا ناصر بیگ نے 37 سالہ رفاقت چھوڑ کر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔لودھراں میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سابق وزیر مرزا ناصر بیگ نے 37 سالہ پارٹی رقابت چھوڑ کر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے کہا کہ این اے 154 کے عوام کی خوشحالی کے لئے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار عمیر بلوچ کو کامیاب کرائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو میری بہن تھیں لیکن پارٹی نے ان کی شہادت پر کوئی کاروائی نہیں کی اور نظریاتی کارکنوں کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا۔مسلم لیگ (ن) کے ممبر قومی اسمبلی عبدالرحمٰن کانجو کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین جہاز میں بیٹھ کرہمارے مسائل خوردبین سے دیکھنا چاہتے ہیں، ہمارے مسائل جہاز پربیٹھ کر حل نہیں ہونگے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالتوں میں جانا ہمارا آئینی اور قانونی حق ہے جب کہ پیسے کے بل بوتے پر صدیق بلوچ کو نا اہل قراردیا گیا۔ عبدالرحمٰن کانجو نے کہا کہ عوام علاقے کی ترقی اورخوشحالی کے لئے مسلم لیگ ن کے امیدوارعمیر بلوچ کو کامیاب کرائیں۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ الیکشن ٹریبونل نے لودھراں سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار صدیق بلوچ کی کامیابی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے حلقے میں دوبارہ انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا۔