اسلام آباد(نیوز ڈیسک) افغانستان میں اسٹریٹیجک لحاظ سے اہم شہر قندوز پر طالبان کے حملے میں 20 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق قندوز پولیس کے ترجمان سید سرور حسینی کا کہنا ہے کہ اتوار اور پیر کی درمیانی رات سیکڑوں مسلح افراد نے قندوز پر 3 اطراف سے حملہ کیا۔ خان آباد، چاردرہ اور شہر میں داخل ہونے کے مرکزی راستے امام ساہد پر شدید لڑائی جاری ہے۔ افغان سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں اب تک 20 عسکریت پسند مارے جا چکے ہیں۔دوسری جانب طالبان نے قندوز شہر پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے شہر کے رہائشیوں کو تلقین کی ہے کہ وہ گھروں سے باہر نکلنے سے ہر ممکن گریز کریں۔