اسلام آباد (آن لائن) بین الاقوامی سطح پر لیدر مصنوعات کی طلب کم ہونے کے باعث پاکستان کی مارکیٹ میں کھالوں کی قیمتیں بھی گر گئی ہیں۔ عید قرباں پر فلاحی اداروں کو کھالوں کی فروخت سے ملنے والی آمدن متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ عید الضحیٰ پر قربانی کی کھالیں فلاحی اداروں کی بھی آمدنی کا ذریعہ بنتی ہیں لیکن رواں سیزن میں کھالوں کے نرخ 50 سے 60 فی صد تک گر جانے سے اس مد میں ہونے والی مالی معاونت متاثر ہوئی ہے۔ گائے اور بیل کی کھال 1500 سے1800 روپے، بکرے اور دنبے کی کھال ڈیڑھ سو سے 300 روپے اور اونٹ کی کھال 400 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔ گزشتہ سال عید الضحیٰ کے موقع پر 12 ارب روپے مالیت کی کھالیں خریدی گئی تھی تاہم اس سال ان کی مالیت 7 ارب روپے تک محدود رہ سکتی ہے۔