ملتان (نیوزڈیسک) ملتان میں میٹرو بس منصوبہ چار ماہ کے عرصے میں 45 فیصد سے زائد مکمل کرلیا گیا ہے اور حکام نے اس امید کا اظہار کیاہے کہ یہ منصوبہ مقررہ مدت سے بہت پہلے مکمل کرلیا جائیگا، اس منصوبے پر 26 ارب روپے لاگت آئیگی، منصوبے کے چیف انجینئر صابر خان سدوزئی نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ میٹرو بس منصوبے کیلئے ستون کھڑے کرنے کا کام 85 فیصد ، پشتوں کا 65 فیصد ، دروازے، کھڑکیوں کا پچیس فیصد اور کھدائی کا کام 60 فیصد مکمل کرلیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ منصوبے کیلئے لفٹ اور خود کار سیڑھیاں یورپ سے منگوائی جارہی ہیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملتان کے موسم کے مطابق میٹرو سٹیشن بنائے جارہے ہیں اور ان کی چھتوں کو ٹپکنے سے روکنے کیلئے خاص پینل استعمال کئے جائینگے جو بیرون ملک سے درآمد کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کیلئے ایک سال کا وقت دیا گیا تھا لیکن یہ منصوبہ ڈیڈ لائن سے بہت جلد مکمل کرلیا جائیگا۔