کراچی (نیوزڈیسک) رینجرز اور پولیس نے کراچی کے مختلف علاقوں لانڈھی، لیاقت آباد، نارتھ کراچی، فیڈرل بی ایریا، شاہ فیصل کالونی، ملیر، بلدیہ ٹاﺅن میں چھاپے مار کر کھالیں چھیننے اور غیر قانونی طور پر جمع کرنے والے متحدہ کے 69 کارکنوں سمیت 81 افراد کو گرفتار کرلیا۔ سینکڑوں کھالیں اور گاڑیاں ضبط کرلی گئیں۔ بلدیہ ٹاﺅن میں متحدہ کے سیکٹر آفس میں مختلف علاقوں میں یونٹ آفس پر بھی چھاپے مارے گئے۔ اطلاعات کے مطابق رینجرز اور پولیس نے بلدیہ ٹاﺅن نمبر 3 میں متحدہ کے سیکٹر آفس پر چھاپہ ما ر کر 57 گائے اور 14 بکرے کی کھالیں ضبط کرکے وہاں موجود کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ عوامی کالونی پولیس نے کورنگی سلطان اسپتال کے عقب میں مکان پر چھاپہ ایم کیو ایم کے 45 کارکنوں شمس الرحمن، اشفاق، بلال، عامر اور مبین کو گرفتار کرکے 60 کھالیں اور ایک پستول بھی برآمد کرلیا۔ شاہ فیصل کالونی میں پولیس نے جبری کھالیں وصول کرنے والے حساس تنظیم کے 4 کارندوں وقار، عمران، نتائش اور عمر فاروق کو گرفتار کرکے کھالیں قبضے میں لے لیں۔ ملزمان سے موٹر سائیکل KHN-4978 بھی قبضے میں لے لی۔ لیاقت آباد کے علاقے سندھی ہوٹل قاسم آباد کے علاقے سے رینجرز نے ایم کیو ایم کے 4 کارکنوں کو گرفتار کرکے 100 کھالیں ضبط کرلیں۔ لانڈھی بابر مارکیٹ کے قریب ایک گھر پر رینجرز نے چھاپہ مار کر ملزم اسلم کو گرفتار کرکے 85 کھالیں برآمد کرلیں۔ لانڈھی 36 بی میں رینجرز نے ایک مکان پر چھاپہ مار کر ایم کیو ایم کے 3 کارکنوں ارشد، راشد اور احمد کو گرفتار کرکے 100 کھالیں ضبط کرلیں۔ ادھر کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے میں پولیس نے کارروائیوں اور کھالیں چھیننے کے الزام میں سیاسی جماعتوں کے 24 کارکنوں کو گرفتار کرکے 5 رکشے، 6 سوزوکیاں، 2 مزدور ٹرک اور 1312 کھالیں ضبط کرکے دفعہ 188کے تحت 4 مقدمات درج کرلئے۔ ایف بی ایریا بلاک 16 سے رینجرز نے خدمت خلق فاﺅنڈیشن کے 3 رضا کاروں عابد، ظفر اور اسد کو گرفتار کرکے 47 کھالیں قبضے میں لیں۔ کورنگی کھتری اسٹاپ سے رینجرز نے ایم کیو ایم کے جوائنٹ یونٹ انچارج کو گرفتار کرکے قربانی کی کھالیں ضبط کرلیں۔ یوسف پلازہ کے کے ایف کی قربانی کی کھالوں سے بھرے ٹرک سمیت ایم کیو ایم کے عہدےدار رضوان کو حراست میں لے لیا۔ ملیر کینٹ پولیس نے 2 افراد مختار حسن اور سیرا خان کو حراست میں لے کر چرم قربانی کی 2 رسید بکس اور موٹر سائیکل ضبط کرلی۔ صفورا چورنگی سے ایم کیو ایم کے جوائنٹ یونٹ انچارج زاہد سمیت 2 کارکنوں کو حراست میں لیا گیا۔ کھالیں چھیننے کے الزام میں گرفتار ہونے والے افراد کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر زیر دفعہ 188 کے تحت مقدمات درج کئے گئے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ یہ مقدمات قابل ضمانت ہےں۔ جن افراد کو گرفتار کیا گیا ہے کہ ان کو گن پوائنٹ پر کھالیں چھیننے کے الزام میں گرفتار نہیں کیا گیا۔