کراچی(این این آئی) پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز نے انکشاف کیا ہے کہ ایک ماہ کے دوران 90 ہزار سے زائد پاکستانی روزگار کے لیے بیرون ملک چلے گئے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سے بیرون ملک جانے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے ، اس حوالے سے پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز نے رپورٹ جاری کی۔
جس میں بتایا کہ ایک ماہ میں90 ہزار سیزائد پاکستانی بیرونی ملک نوکری کیلئے چلے گئے جبکہ 8 ماہ کے دوران 5 لاکھ 40 ہزار پاکستانی بیرون ممالک جا چکے ہیں۔پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز نے کہا کہ سال 2022 میں 8 لاکھ 30ہزار پاکستانی بیرون ملک نوکری کیلئے گئے تھے جبکہ سال 2015 میں بیرون ملک جانیوالوں کی تعداد 9 لاکھ 50 ہزار کے قریب تھی۔
رپورٹ میں کہنا تھا کہ 2015 کے بعد 2022 میں سب سیزیادہ پاکستانی بیرون ممالک جاچکیہیں،اس وقت ملک کو قیمت زرمبادلہ کی اشد ضرورت ہے ، پروفیشنل بیرون ملک جائیں گے تو زیادہ قیمتی ترسیلات زر وطن آسکیں گی۔،پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز نے مزید کہا کہ ترسیلات زر بڑھنے سے ڈالر کی قلت میں نمایاں کمی ہوگی ، ترسیلات زر بڑھنے سے روپیکی قدر میں مزید بہتری ہوگی۔