اسلام آباد (این این آئی)نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان جلد ہی پاکستان کا دورہ کریں گے۔ایک انٹرویومیں نگران وزیر خارجہ نے سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے حوالے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی آمد کی تاریخوں کی ابھی تک تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔انٹرویو کے دوران انہوں نے کہاکہ یہ دورہ پاکستان کے لیے معاشی ترقی کے حوالے سے انتہائی اہم ہے، اس دورے کے دوران متعدد ڈیلز فائنل ہونے کی امید ہے، ہماری زیادہ توجہ زراعت، کان کنی، توانائی اور آئی ٹی کے شعبوں میں معاہدوں پر مرکوز ہے، کیونکہ اب ہم شرح نمو کو بڑھانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
سعودی ولی عہد کے اس متوقع دورے کو سماجی و معاشی ترقی کیلئے گیم چینجر قرار دیتے ہوئے نگران وزیر خارجہ نے سعودی عرب سے گزشتہ کئی ماہ کے دوران پاکستان کو ملنے والی امداد کے بارے میں مختصراً بات چیت کی۔جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قیام کے بعد سے اس تعاون میں مزید تیزی آئی ہے۔انہوںنے کہاکہ اس تناظر میں ہمیں اس دورے سے بہت امیدیں ہیں، ہم بہت پرامید ہیں کہ ہم مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کریں گے جو کہ قوم کے لیے بہت اچھی خبر ہے۔