اقوام متحدہ (نیوزڈیسک)پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھارت کی مستقل رکنیت روکنے کےلئے حکمت عملی مرتب کر لی ہے اوراس مقصد کےلئے بہت سے ممالک نے پاکستان کو اپنے تعاون کا یقین دلایا ہے ۔سفارتی ذرائع کے حوالے سے ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان نے اصولی فیصلہ کرلیا ہے کہ سلامتی کونسل میں بھارت کی مستقل رکنیت کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائیگا اور مسئلہ کشمیر سمیت دیگر امور پر بھارت کی جارحانہ پالیسیوں کو بے نقاب کیا جائیگا اس حکمت عملی کے تحت وزیر اعظم محمد نواز شریف جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر عالمی رہنماﺅں سے ملاقاتوں میں بھی یہ معاملہ بھرپور انداز میں اٹھائیں گے ۔ذرائع کے مطابق امریکہ کو بھی قائل کر نے کی کوشش کی جائےگی کہ وہ سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت کے حوالے سے بھارت کی حمایت سے گریز کرے جبکہ اس حوالے سے چین کی حمایت بھی حاصل کی جائیگی ۔