اسلام آباد (این این آئی)بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے ملازمین کو فری یونٹس کی فراہمی کے خاتمہ کا معاملہ،وفاقی حکومت فری یونٹس کے معاملے پر تاحال کوئی فیصلہ نہ کر سکی۔ذرائع کے مطابق ڈسکوز ملازمین کو فری یونٹس کے خاتمے کی بجائے متبادل حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق مفت بجلی کی فراہمی کے خاتمے پر متعلقہ وزارتوں اور ڈویژن کی مختلف تجاویز دی گئیں ،مفت یونٹس کی فراہمی سے متعلق خاتمے کی تجویز پر وزارت آبی وسائل نے مخالفت کر دی ۔
ذرائع کے مطابق وزارت نے موقف اختیار کیاکہ فری یونٹس ختم کرنے سیکوئی بچت نہیں ہوگی،نیپرا اتھارٹی نے مفت یونٹس کی بجائے ملازمین کو یوٹیلیٹی الاؤنس دینے کی تجویز دی ۔ ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ نے بجلی کے فری یونٹس کی سہولت ختم کرنے کی تجویز دی ۔پاورڈویژن نے ملازمین کو فری یونٹس کی بجائے اس کے برابر رقم دینے کی تجویز دی ۔
پاور ڈویژن نے تجویز دی کہ ملازمین کوماہانہ تنخواہ میں فری یونٹس کے برابر رقم دی جائے۔ ذرائع کے مطابق کابینہ نے گزشتہ اجلاس میں مفت یونٹس کی فراہمی کے خاتمے پر غور فریم ورک بنانے کی ہدایت کی تھی۔ذرائع کے مطابق ملازمین کے لئے مفت بجلی کی فراہمی کے فریم ورک پر تجاویز کا حتمی جائزہ ہوگا،تمام سفارشات کو حتمی شکل دے کر دوبارہ کابینہ کو پیش کی جائیں گی۔