برازیلیا(نیوز ڈیسک) لاطینی امریکہ میں رواں برس طاقت کی رینکنگ میں تبدیلی ہورہی ہے اور میکسیکو کامیاب ملک کے طور پر سامنے آرہا ہے۔ میکسیکو کی معیشت بہت تیز رفتاری سے ترقی نہیں کررہی مگر خطے میں اقتصادی بدحالی کے دوران یہ ایک بہت بہتر کارکردگی ہے۔ برازیل کی کہانی اس سے بالکل برعکس ہے۔ برازیل کچھ عرصہ قبل تک خطے کا سب سے کامیاب ملک تھا مگر اب اس کی معیشت کساد بازاری کا شکار ہے۔ قرضوں کی وجہ سے اسے مشکلات کا سامنا ہے جبکہ مستقبل کے حوالے سے بھی کوئی مثبت پیش گوئی نہیں کی جارہی۔ ماہرین معیشت کا کہنا ہے کہ میکسیکو کی معیشت رواں برس ڈھائی فیصد کی شرح سے بڑھے گی اور خیال کیا جا رہا ہے یہ خطے میں بہترین کارکردگی ہوگی۔ برازیل کی معیشت 3.3 فیصد سے سکڑے گی اور بینک آف امریکہ کے مطابق یہ کساد بازاری آئندہ برس بھی جاری رہے گی۔ میکسیکو سٹاک مارکیٹ میں بھی بہتر کارکردگی دکھا رہا ہے۔ یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ برازیل کی معیشت لاطینی امریکہ میں اب بھی سب سے بڑی ہے اور میکسیکو دوسرے نمبر پر ہے مگر یہ فرق تیزی سے ختم ہورہا ہے۔ دونوں ملکوں کے تجارتی روابط کا ذکر کیا جائے تو میکسیکو کے امریکہ کے ساتھ تجارتی تعلقات ہیں تو برازیل نے حالیہ برسوں کے دوران اپنے چین کے ساتھ تجارتی تعلقات کو بڑھایا ہے
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں