پشاور: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں شامل اتحادی جماعت عوامی نیشنل پارٹی نے موجودہ نگراں وزیراعظم کو ایک مہرہ قرار دے دیا، ایمل ولی خان کہتے ہیں کہ مقتدر حلقوں سے گزارش ہے شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سانحہ بابڑہ کے 75 سال مکمل ہونے پر منعقدہ امن جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی کے صوبائی صدر نے کہا کہ بی اے پی پارٹی والے کیا غیرسیاسی ہیں جو ان کے سینیٹرکو نگران وزیراعظم بنایا گیا؟
موجودہ نگران وزیراعظم محض ایک مہرے کے سوا کچھ نہیں ہیں، اصل قوتوں سے گزارش ہوگی کہ انتخابات صاف شفاف اور مداخلت سے پاک ہونے چاہییں، ہمیں معلوم ہے یہ وطن ان کا ہے ہمارا نہیں لیکن ایسے فیصلے ہوں کہ عوام کا اعتماد قائم ہو، مقررہ مدت میں انتخابات ہونے چاہیں، ہم الیکشن کے لیے تیارہیں، اے این پی آئينی مدت کے اندر صاف شفاف انتخابات چاہتی ہے۔